کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایل پی جی کنٹینر میں چھپائی گئی 154.15 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کرلی اور ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشن (ڈی ٹی او) کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ایک اور اہم کامیابی ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے بعد اے این ایف نے بین الاقوامی سطح پر سرگرم ڈرگ نیٹ ورک کی جانب سے بڑی مقدار میں منشیات کی ترسیل کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان نے بتایا کہ اے این ایف انٹیلی جنس ٹیم پنجگور میں ڈی ٹی او کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی، جس کی سربراہی بدنام زمانہ اسمگلر علی جان کے پاس تھی۔ یہ نیٹ ورک افغانستان سے آنے والی منشیات کو پنجگور، تربت، گوادر اور پسنی کے راستے یمن، تنزانیہ اور جی سی سی ممالک تک تیز رفتار کشتیوں سے اسمگل کرتا تھا۔
اے این ایف کو اطلاع ملی کہ گروہ نے منشیات کو ایل پی جی کنٹینر میں چھپا کر پنجگور سے تربت ہوتے ہوئے ساحلی علاقوں تک منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جہاں سے اسے بیرون ملک بھیجا جانا تھا۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشکوک کنٹینر کو ایم–8 سی پیک روٹ پر روک کر اپنے قبضے میں لے لیا۔
مکمل تلاشی کے دوران کنٹینر سے 553.5 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور 40 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جبکہ ڈی ٹی او کے دو کارندے بھی گرفتار ہوئے۔
ترجمان کے مطابق نیٹ ورک کے مزید ارکان، سہولت کاروں، فراہم کنندگان اور ممکنہ وصول کنندگان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منظم ڈرگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔
