پشاور، 12 اکتوبر 2025 — خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جس میں 4 امیدواروں نے باضابطہ طور پر حصہ لیا ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست آج شام جاری کی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سہیل آفریدی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ دیگر امیدواروں میں ارباب زرک (پیپلز پارٹی)، سردارشاہ جہان (مسلم لیگ ن) اور مولانا لطف الرحمٰن (جے یو آئی-ف) شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا۔ پی ٹی آئی کو 90 آزاد ارکان کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ ہے، جبکہ وزارت اعلیٰ کے لیے 73 ارکان کی حمایت درکار ہے۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اعلان کیا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا امیدوار نامزد کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں علی امین گنڈا پور نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا۔
گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ 11 اکتوبر کو دوپہر ڈھائی بجے وصول ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس پر آئین و قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی کون ہیں؟
نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ وہ ماضی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر رہے ہیں۔ انہوں نے 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کی نشست جیتی۔
سہیل آفریدی، علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں معاون خصوصی برائے موصلات کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ حالیہ کابینہ تبدیلی کے بعد انہیں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مقرر کیا گیا۔ وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔
