کراچی – 18 ستمبر 2025: سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (اسٹیوٹا) اور سندھ جیل خانہ جات کے درمیان قیدیوں کی فنی تربیت کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی جنید بلند نے آئی جی جیل خانہ جات سندھ فدا حسین مستوئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے اور رہائی کے بعد روزگار فراہم کرنے کے منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
"پیغام پاکستان” کے تحت قیدیوں کو دورانِ سزا فنی تعلیم دی جائے گی، تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ان کی بحالی کا ذریعہ بنے گا بلکہ دوبارہ جرم کی شرح میں بھی کمی لائے گا، اور قیدیوں کو معاشرے کا مثبت حصہ بنانے میں مدد دے گا۔
