شرم الشیخ (مصر): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کا غزہ میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہی اجلاس کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ دن مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو تقریب میں خصوصی خطاب کی دعوت دی گئی، جہاں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کا امن معاہدہ طے کرانے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا،
“آج غزہ کے عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ صدر ٹرمپ کی قیادت میں کی گئی یہ کوششیں لاکھوں جانیں بچانے کا باعث بنیں، اور وہ حقیقتاً امن کے علمبردار ہیں۔”
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا تھا اور آج ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں کہ انہیں یہ انعام دیا جائے کیونکہ وہ اس کے حقیقی حقدار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا،
“دنیا کو اس وقت آپ جیسے رہنما کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ آپ وہ شخص ہیں جس نے نہ صرف سات بلکہ آٹھ جنگوں کو رکنے سے بچایا۔”
ٹرمپ نے وزیراعظم کے خطاب کے بعد ہلکے پھلکے انداز میں کہا،
“واہ، میں نے یہ توقع نہیں کی تھی، اب تو میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں بچا، سب کو الوداع!”
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس، اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلونی سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق تمام رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں دیرپا امن کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے عوام کی حوصلہ مندی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
