چنگا مانگا : چنگا مانگا پولیس نے جمعرات کی علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے مبینہ طور پر اغوا کی گئی دو کمسن بہنوں کو بازیاب کرلیا جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق معمول کی گشت کے دوران صبح تقریباً چار بجے اہلکاروں نے چنگا مانگا کے علاقے میں سڑک پر دو لڑکیوں کو دو نوجوانوں کے ہمراہ پیدل جاتے ہوئے دیکھا اور پوچھ گچھ کے لیے روک لیا۔
لڑکیوں کی شناخت 16/17 سالہ عروج فاطمہ اور ان کی 12/13 سالہ بہن منیسا شہزادی کے نام سے ہوئی، جو لاہور کے علاقے بکّر منڈی کی رہائشی ہیں۔
نوجوانوں کی شناخت علی شان سکنہ بکّر منڈی اور اس کے دوست غلام فرید سکنہ شیراکوٹ لاہور کے طور پر کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم علی شان، جو مبینہ طور پر عروج فاطمہ کا ہمسایہ ہے، اپنے ساتھی کے ہمراہ دونوں بہنوں کو اسکول کے بعد اپنے ساتھ لے آیا۔
اس سے قبل دونوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ نواں کوٹ میں لڑکیوں کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او چنگا مانگا محسن سندھو نے دونوں بہنوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا جبکہ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نواں کوٹ کے حوالے کردیا گیا۔ بعد ازاں والدین کو اطلاع دے کر بچیوں کو ان کے حوالے کردیا گیا۔
