پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں جگر کی پیوندکاری کے 1000 کامیاب آپریشن مکمل ہوگے، وزیراعظم نے اس پر اظہارتشکر کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ’’پی کےایل آئی ‘‘ کے سنگ میل عبور کرنے پر اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے جو پودا 2017 میں لگایا تھا وہ آج تناور درخت بن گیا، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ سے اب تک 40 لاکھ مریض مستفید ہوچکے۔
انھوں نے کہا کہ ماضی میں پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی مزموم سازشیں ہوتی رہیں، ماضی میں پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز کو ہٹاکر ادارے کو غیرفعال کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2022 میں خادم پاکستان کی ذمہ داری سنبھالی تو پی کے ایل آئی کی ازسرنو بحالی شروع کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی کے ایل آئی کو دوبارہ بھرپور استعداد پر لانے کیلئے انتھک محنت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ادارے کی دوبارہ بحالی کیلئے بھرپور محنت قابل ستائش ہے، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ 80 فیصد مریضوں کاعلاج مفت کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ادارے سے غریب عوام بین الاقوامی معیار کی سہولتوں سے مستفید ہوتے ہیں، پی کے ایل آئی کے قیام، اس کے آپریشنز ازسرنو شروع کرنے والی ٹیم لائق تحسین ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور زندگیاں بچانے میں پی کے ایل آئی نے کردار ادا کیا، کارکردگی پر ڈاکٹر سعید اختر اور ان کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔
