کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے واش روم میں کموڈ کے نیچے چھپائے گئے 14 نئے آئی فونز برآمد کرلیے۔ حکام کے مطابق موبائل فونز کو کسٹمز چیکنگ سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر چھپایا گیا تھا۔
کسٹمز حکام کے مطابق مسافر ہانگ کانگ سے کراچی پہنچا تھا اور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد مشکوک انداز میں تقریباً 20 منٹ تک واش روم میں موجود رہا۔ اس رویے پر کسٹمز اہلکاروں کو شبہ ہوا اور مسافر کے واش روم سے باہر آنے کے بعد اس کے سامان کی تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران مسافر کے سامان سے شراب کی دو بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ کسٹمز اہلکاروں کو دیکھ کر اس نے موبائل فونز واش روم میں چھپا دیے تھے۔
مسافر کی نشاندہی کے بعد کسٹمز کی ٹیم نے دوبارہ واش روم کی تلاشی لی، جہاں کموڈ کے نیچے چھپائے گئے 14 نئے آئی فونز برآمد کرلیے گئے۔ حکام نے موبائل فونز اور شراب کو کسٹمز ایکٹ کے تحت ضبط کرلیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد کیے گئے موبائل فونز اور دیگر ضبط شدہ اشیا کی مجموعی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر کسٹمز چیکنگ سے بچنے کی کوششوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ضبط شدہ موبائل فونز اور دیگر سامان کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ معاملے میں مزید کارروائی متعلقہ کسٹمز قوانین کے تحت کی جائے گی
