سیلاب سے ملکی نظام صحت کو نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت کو ہیلتھ اسٹرکچر کو نقصانات کی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں مزید 16 مراکز صحت کو نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع وزارتِ صحت کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ مراکز صحت کی تعداد 120 تک پہنچ گئی، کے پی، سندھ، پنجاب، اور جی بی میں ہیلتھ اسٹرکچر متاثر ہوا ہے، پنجاب میں 28، سندھ میں 25، اور گلگت بلتستان میں 7 کو نقصان ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے 8 مراکز صحت مکمل تباہ ہوئے، جب کہ 112 کو جزوی نقصان پہنچا، کے پی، سندھ، پنجاب اور جی بی میں 8 مراکز مکمل تباہ ہو چکے ہیں، تباہ شدہ 8 مراکز مکمل غیر فعال ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 3 مراکز صحت مکمل تباہ ہوئے ہیں، سندھ میں 2 ، جی بی میں 2، پنجاب میں 1 مرکز صحت مکمل تباہ ہوا ہے، پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں 24 مراکز تک رسائی ممکن نہیں رہی، جس کی وجہ یہ ہے کہ سیلابی ریلوں سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں۔
کے پی میں 32 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر مکمل تباہ ہوئے، جب کہ 28 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، سیلاب سے خیبرپختونخوا میں 60 مراکز کو نقصان پہنچا، گلگت بلتستان میں 2 مراکز مکمل تباہ ہوئے جب کہ 5 کو جزوی نقصان ہوا، اور تباہ شدہ 2 مراکز صحت غیر فعال ہیں۔
