کراچی کے علاقے کلفٹن اپر گزی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے مبینہ طور پر تیز دھار آلے کے وار سے اپنی بیوی اور 12 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا۔ واقعہ بلوچ پاڑہ میں نورانی مسجد کے قریب ایک گھر میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ شدید زخمی بچی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ایس ایچ او کلفٹن عمران سعد کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم سمیع اللہ کو گرفتار کرتے ہوئے آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت 45 سالہ کلثوم اور 12 سالہ بچی مریم کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا ہے، جہاں ابتدائی تحقیق میں اس نے دہرے قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔
