کراچی: جامعہ کراچی نے 2 اپریل 2026 سے ہفتے میں دو روز آن کیمپس کلاسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیر اور جمعرات کو بالمشافہ جبکہ باقی دن آن لائن تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
جاری اعلامیے کے مطابق مارننگ پروگرام کی کلاسز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جبکہ ایوننگ پروگرام کی کلاسز دوپہر 3:30 بجے سے رات 9 بجے تک منعقد ہوں گی۔ تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کو نئے شیڈول کے مطابق حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی کے مطابق یہ فیصلہ تدریسی، تحقیقی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسز متعلقہ شعبہ جات کی صوابدید پر ہفتہ وار تعطیلات میں بھی رکھی جا سکتی ہیں۔
اعلامیے میں تمام سربراہانِ شعبہ، ڈائریکٹرز اور متعلقہ انچارجز کو نئے شیڈول پر عملدرآمد یقینی بنانے اور ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ یہ فیصلہ تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گا۔
طلبہ کی سہولت کے لیے ان دنوں جامعہ کی ٹرانسپورٹ سروس بھی دستیاب ہوگی تاکہ وہ باآسانی آن کیمپس کلاسز میں شرکت کر سکیں۔
