پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صحت کا دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد عوام میں صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینا ہے۔
صحت صرف بیماری سے پاک ہونے کا نام نہیں بلکہ یہ جسمانی، ذہنی اور سماجی طور پر مکمل تندرستی کا نام ہے، پاکستان بھر میں صحت کا عالمی دن ’’ورلڈ ہیلتھ ڈے‘‘ 7اپریل کو منایا جاتا ہے، صحت کا عالمی دن سب سے پہلے 1950ء میں منایا گیا تھا۔
1948ء میں عالمی ادارہ صحت کے ذیلی ادارے ہیلتھ اسمبلي نے ہر سال 7اپریل کو صحت کا عالمی دن منانے کی منظوری دی، جس کے بعد دنيا بھر میں 7اپریل کو ’’ورلڈ ہیلتھ ڈے‘‘ منایا جاتا ہے۔
وزارت صحت، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، طبی تنظیموں اور این جی اوز کے زیر اہتمام تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، شہریوں کو صحت مند زندگی گزارنے کے سنہری اصولوں بارے آگاہی دی جاتی ہے۔
دورِ حاضر میں عالمی نظام صحت کو کثیر جہتی پیچیدگیوں کا سامنا ہے، وسائل کی کمی، تحقیقی شعبے میں عدم صلاحیت اور گورننس کے مسائل نے صحت کے مسائل کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اقوام متحدہ کا ایک ذیلی ادارہ ہے، جس کی ذمہ داریوں میں عالمی سطح پر صحت کے نظام میں بہتری لانا اور اصلاحات متعارف کرانا شامل ہے۔
لوگوں کے لئے شدید بیماریوں سے لڑنے کے امکان سے تناؤ محسوس کرنا فطری ہے، نتیجے کے طور پر لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو صحت کے بحران کا سامنا ہے، اگرچہ زیادہ تر لوگ جسمانی بیماریوں کی علامات اور علاج کے اختیارات کو جانتے ہیں، لیکن بہت سے لوگ اس بات سے ناواقف ہیں کہ اپنی صحت کا خیال کیسے رکھا جائے۔
پاکستان میں ہر سال ہزاروں بچے پینے کا صاف پانی میسر نہ ہونے اور غذائی قلت کے سبب موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، صحت کے موضوع پر ملک میں بے پناہ آگاہی کی ضرورت ہے۔
