سندھ بھر کے اسپتالوں میں منکی پاکس ریسپانس یونٹس قائم کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
مشتبہ منکی پاکس کیسز کے لیے اسپتالوں میں خصوصی سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے۔ 24 گھنٹے فعال پبلک انفارمیشن اور فسیلیٹیشن ڈیسک بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عوام کو منکی پاکس کی علامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ریسکیو 1122 کے ساتھ فوری رابطے اور مریضوں کی منتقلی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ تربیت یافتہ عملہ انفارمیشن ڈیسک پر تعینات کیا جائے گا۔
اسپتالوں، سرویلنس ٹیمز اور ایمرجنسی سروسز کے درمیان رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انفیکشن کنٹرول اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
تمام اداروں کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
