لاہور — وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر کے کسانوں کو زراعت کے جدید اصولوں سے ہمکنار کرنے کے لیے انقلابی "لیب آن ویلز” (Lab on Wheels) سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے. اس منصوبے کا بنیادی مقصد کسانوں کو ان کے کھیتوں پر ہی مٹی اور پانی کے مفت سائنسی ٹیسٹ اور زرعی ماہرین کی براہِ راست رہنمائی فراہم کرنا ہے. منصوبے میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت نے ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا ہے جسے لائیو کیمرہ اسٹریمنگ اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ مانیٹرنگ سے منسلک کیا گیا ہے. طے شدہ طریقہ کار کے مطابق، کسان کی درخواست موصول ہونے پر ضلعی لیبارٹری انچارج کی منظوری کے بعد ہی موبائل لیب کو متعلقہ فیلڈ میں روانہ کیا جائے گا، جبکہ فیلڈ عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنی حاضری کا اندراج خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے کرنے کا پابند ہوگا۔ یہ ڈیجیٹل اقدام کسانوں کو مٹی کی زرخیزی بڑھانے اور فصلوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے جدید سائنسی معلومات فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا.
