اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے خواتین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سیاسی خواتین کو قید کرنا ہماری روایات کا حصہ نہیں، جبکہ ان گرفتاریوں سے سیاسی تلخی اور تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے نورین بی بی کی طبیعت خراب ہونے پر تشویش ظاہر کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دیگر دو بہنوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ انہوں نے پارٹی کی پارلیمانی قیادت پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سنجیدہ مشاورت کی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے خواتین کی گرفتاریوں کے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سیاسی ماحول میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
