ملک بھر میں آج یومِ عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اُن کے رفقاء کی کربلا میں شہادت کی یاد میں مجالسِ عزا اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام کے وقت کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
کراچی میں مرکزی جلوس صبح 10 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جو مخصوص راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیان، کھارادر پر ختم ہوگا۔
کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ اس موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پشاور میں شبِ عاشور کے تمام جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔ شہر میں مجموعی طور پر 16 جلوس نکالے گئے۔
روہڑی میں 9 محرم کا تاریخی نو ڈھال جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا میدان پہنچ گیا۔ آج ظہرین کی نماز کے بعد جلوس شہداء قبرستان کی جانب روانہ ہوگا۔
ملتان میں 11 بجے تاریخی استاد شاگرد کے تعزیوں سمیت 25 سے زائد جلوس نکالے جائیں گے۔
گوجرانوالہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستانِ معرفت سے برآمد ہوگا۔
مٹھی، سندھ میں عاشورہ کا جلوس صبح 10 بجے نکالا جائے گا، جبکہ میرپور، آزاد کشمیر میں مرکزی جلوس صبح 11 بجے بیت الحزن امام بارگاہ سے برآمد ہوگا۔
ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
