ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ کے سبب عمارت کا 40 فیصد حصہ منہدم ہوگیا، دم گھٹنے اور جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہوگئی، ملبہ ہٹانے اور لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لاپتا افراد کی فہرست 83 تک پہنچ گئی ہے۔
ڈاکٹر سمیہ طارق کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہوگئی جبکہ تمام افراد کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کر لیا گیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق گلے میں پہنے لاکٹ کی مدد سے خاتون کو مصباح کے نام سے شناخت کر لیا گیا۔
پولیس سرجن نے بتایا کہ 33 سالہ مصباح دختر عرفان کی میت ورثاء کی سپر د کی جائے گی، خاتون مصباح کی فیملی کے دیگر 4 افراد بھی سانحہ گل پلازہ میں لاپتا ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 8 میتیوں کو شناخت کیا جا چکا ہے۔
