اسلام آباد — اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے عدالتی کام سے روکنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں خود اپنا مقدمہ لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اس سلسلے میں جلد اپیل دائر کریں گے۔
جسٹس طارق محمود سپریم کورٹ پہنچے، جہاں انہوں نے سائلین کے گیٹ سے کارڈ لے کر عدالت میں داخلہ حاصل کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس اعجاز اسحاق اور جسٹس سمن رفعت امتیاز بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک ڈویژن بنچ نے ان کی بطور جج تقرری کو چیلنج کرنے والی درخواست پر جسٹس طارق محمود کو عدالتی ورک سے روکنے کا حکم دیا تھا۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ اقدام غیر معمولی ہے اور عدلیہ کے اندرونی معاملات اور آزادیِ عدلیہ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
