اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے رواں سال کا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ، ایم ڈی کیٹ، ایک ماہ سے زائد عرصے کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امتحان کی نئی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ پہلے ایم ڈی کیٹ 16 اگست کو ہونا تھا، تاہم اب یہ امتحان 20 ستمبر کو لیا جائے گا۔
کونسل کا کہنا ہے کہ امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ ٹیسٹ کے شفاف، محفوظ اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق امتحان کی دیگر تمام شرائط، ضوابط اور انتظامات بدستور برقرار رہیں گے، جب تک ان میں کسی تبدیلی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا جاتا۔
کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحان سے متعلق مزید معلومات، ہدایات اور تازہ ترین اعلانات کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور دیگر سرکاری ذرائع سے باقاعدگی سے آگاہی حاصل کرتے رہیں۔
ایم ڈی کیٹ ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے اہم داخلہ امتحان ہے۔
