پنجاب میں حالیہ آندھی اور طوفانی ہواؤں کے دوران پیش آنے والے حادثات کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سولر پینلز کی تنصیب کے لیے باقاعدہ قواعد و ضوابط بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، حالیہ واقعات میں 70 فیصد حادثات سولر پینلز یا ان سے منسلک غیر معیاری تنصیبات کی وجہ سے ہوئے۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ چھتوں یا کھلے ڈھانچوں پر نصب پینلز اگر بغیر حفاظتی اقدامات کے لگائے جائیں تو وہ آندھی میں گر کر خطرناک حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ اس سلسلے میں انرجی ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ اور تمام ڈویژنل و ضلعی افسران کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ صوبہ بھر میں پہلے سے نصب شدہ پینلز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ان کی مرمت و حفاظت کے لیے ایس او پیز تشکیل دی جائیں۔ ریگولیٹری گائیڈ لائنز بھی جاری کی جائیں گی تاکہ سولر پینلز کی تنصیب ایک محفوظ اور دیرپا عمل بن سکے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد انسانی جان و مال کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ بنانا اور صوبے میں محفوظ توانائی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
