وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے برادر ممالک ترکیہ اور قطر کا مذاکرات میں ثالثی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب افغانستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنی طویل عرصے سے چلی آنے والی بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ ذمہ داریوں کو پورا کرے، جن پر وہ اب تک عمل درآمد نہیں کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے لیے خیرسگالی کا جذبہ رکھتا ہے اور ان کے پرامن مستقبل کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان افغان عبوری حکومت کے کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرے گا جو افغان عوام یا ہمسایہ ممالک کے مفاد کے خلاف ہو۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
