سندھ حکومت نے نجی اسپتالوں کے قیام کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرتے ہوئے غیر مستند اور جعلی اسپتالوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق نجی اسپتال صرف وہی افراد کھول سکتے ہیں جن کے پاس باقاعدہ ایم بی بی ایس یا متعلقہ میڈیکل ڈگری موجود ہو۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل اسٹاف یا سپورٹنگ اسٹاف اسپتال قائم کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے تحریری مراسلہ جاری کر دیا ہے، جو تمام ضلع صحت افسران (DHOs) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ قواعد و ضوابط کے خلاف جاری کیے گئے تمام سرٹیفکیٹس فوری منسوخ کیے جائیں،جن اسپتالوں کو سرکاری پالیسی کے مطابق اجازت دی گئی ہے، ان کا ریکارڈ محکمہ صحت کو فراہم کیا جائے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں جعلی اسپتالوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
