لندن — لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر طیارے کی مرمت کے دوران پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں ورجن اٹلانٹک کے 23 سالہ نوجوان ایئرکرافٹ ٹیکنیشن جارجی بکسٹن شدید زخمی ہونے کے چند ہفتوں بعد ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ جارجی بکسٹن ایک ہینگر کے اندر بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے پر معمول کے مطابق دیکھ بھال کا کام کر رہے تھے کہ اچانک ان کے اوپر ایک بھاری مشینری گر گئی۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں چار ہفتوں تک زندگی اور موت کی جنگ لڑتے رہے، جس کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں ان کا لائف سپورٹ سسٹم ہٹا دیا گیا۔ حادثے کے بعد مذکورہ بوئنگ طیارے کو احتیاطی تدابیر کے طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے تاکہ ماہرین حادثے کی اصل وجہ کا پتہ لگا سکیں۔
جارجی بکسٹن نے اسٹیڈ ایئرپورٹ پر رائن ایئر (Ryanair) کے ساتھ کام کرنے کے بعد 2024 میں ورجن اٹلانٹک میں شمولیت اختیار کی تھی، تاکہ مختلف اقسام کے طیاروں پر کام کر کے اپنے تجربے کو وسیع کر سکیں۔ ورجن اٹلانٹک کے ترجمان نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری ایئرلائن انتظامیہ بکسٹن کے اہل خانہ اور ان کے ساتھیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ایئرلائن حکام اور بوئنگ کمپنی تفتیشی اداروں کے ساتھ مل کر حقائق تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں نوجوان ٹیکنیشن کی ہلاکت کی باقاعدہ تحقیقاتی سماعت رواں ہفتے ویسٹ لندن کورونر کورٹ میں شروع کی جائے گی۔
