دسمبر 13، 2025
ویب ڈیسک
امریکہ کے مختلف علاقوں میں موسمِ سرما کے طوفان کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے کیونکہ اس سیزن کی اب تک کی سب سے شدید آرکٹک سرد ہوا شمالی میدانوں سے گریٹ لیکس اور اوہائیو ویلی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق گریٹ لیکس کے قریب لیک ایفیکٹ برفباری میں اضافہ ہوگا جبکہ ساؤتھ ڈکوٹا، آئیووا، ویسٹ ورجینیا اور مغربی پنسلوانیا تک برف جمع ہونے کا امکان ہے
مرکزی ریاستوں میں رات کے وقت برفباری میں کمی متوقع ہے، تاہم ہفتے کی شام سے اتوار کی صبح تک شمال مشرقی علاقوں اور انٹر اسٹیٹ 95 کے اطراف شدید اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ انتہائی سرد ہوا اتوار کے روز مشرقی ریاستوں سے ہوتے ہوئے خلیجی ساحلی علاقوں تک پھیلنے کی توقع ہے۔
جنوبی ریاستوں بشمول کیرولائناز، جارجیا، فلوریڈا، کیلیفورنیا اور اوریگن میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا، تاہم فلوریڈا پین ہینڈل کے مغربی حصے سے ٹیکساس کے ساحلی علاقوں تک ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ کیلیفورنیا کی سینٹرل ویلی میں دھند اور نچلے بادل برقرار رہنے کا امکان ہے۔
واشنگٹن ریاست میں بڑے دریاؤں کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ بارشیں سیلاب میں اضافے کا سبب نہیں بنیں گی، تاہم اگلے ہفتے دوبارہ شدید بارشوں کے باعث واشنگٹن اور اوریگن میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
