متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے ملک بھر میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے جاننے کے لیے دسمبر میں قومی سطح پر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پارٹی کے مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 48(6) کے تحت کرایا جائے تاکہ عوام کو اپنے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں رائے دینے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کے بجائے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کی حقیقی منتقلی یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مقصد عوام کو بہتر حکمرانی، بنیادی سہولیات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان پر بھی ردعمل دیا جس میں انہوں نے سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی جبری کوششوں سے خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا مطالبہ ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر فیصلہ عوامی رائے اور آئینی طریقہ کار کے مطابق کیا جائے
