وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے 2 دسمبر تک روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جس کے دوران ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس اور سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر ماسکو جائیں گے۔ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دورے میں پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں تیل و گیس کی فراہمی، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں بینکاری اور ادائیگیوں کے مسائل بھی اہم موضوعات میں شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو 2027 میں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دے سکتے ہیں۔
روس کے دورے کے بعد وزیراعظم ایران روانہ ہوں گے، جہاں وہ 3 دسمبر سے تہران میں شروع ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان کی جانب سے روس کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
