کراچی – وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے سینٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیلوں میں اسلامی تعلیمات، تربیتی پروگرامز اور قیدیوں کی بحالی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا۔
آئی جی جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر احمد نے وزیر کو جیل میں جاری اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی، جس میں سیکیورٹی، قیدیوں کی تعلیم و تربیت اور جیل انتظامیہ کے ڈیجیٹل نظام کے اقدامات شامل تھے۔
وزیر جیل خانہ جات نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کے لیے تعلیم و ہنر سکھانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدی بھی انسان ہیں، ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنا ہمارا فرض ہے۔
علی حسن زرداری نے جیلوں میں "ری ہیبیلیٹیشن اینڈ ایجوکیشن سیل” کے قیام، مذہبی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کے آغاز اور عملے کی پیشہ ورانہ ترقی کے اقدامات کا اعلان کیا۔
وزیر نے جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سندھ حکومت قیدیوں کی اصلاح اور معاشرے میں ان کے بہتر کردار کے لیے پرعزم ہے۔
