راولپنڈی: ویسٹریج پولیس نے دو ماہ قبل ہونے والی چوری کی واردات کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کرلیا، حیرت انگیز طور پر چوری کرنے والا شخص مدعی کا ماموں زاد نکلا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اُس نے فیملی کی غیر موجودگی میں گھر میں داخل ہوکر طلائی زیورات اور غیر ملکی کرنسی چُرائی تھی، جسے فروخت کرکے تقریباً 30 لاکھ روپے حاصل کیے۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے 30 لاکھ روپے نقد اور 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات برآمد کرلیے۔ ابتدائی طور پر مدعی کو شک گھریلو ملازمہ پر تھا، تاہم تفتیش کے دوران اصل ملزم کا انکشاف ہوا۔
ایس پی پوٹھوہار کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال پر ڈاکہ ڈالنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
