کراچی: ضلع کورنگی میں ڈکیتی کے بعد فرار ہوتے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح تھانہ الفلاح کی حدود شمسی سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے پلاسٹک کی تھیلوں اور ڈسپوزیبل آئٹمز کی دکان سے رقم لوٹی اور فرار ہوگئے۔
فرار کے دوران ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل گڑھے میں گر گئی، جس پر قریبی شہریوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی۔ اسی دوران دکان کے مالک نوجوان محمد شعیب بھی ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے آگے بڑھے اور ہاتھا پائی کے دوران ایک ڈاکو نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں محمد شعیب گلے میں گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوع سے گولیوں کے خول سمیت شواہد اکٹھے کر لیے۔ مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 25 سالہ محمد شعیب ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی۔
ایس ایچ او تھانہ الفلاح کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
محمد شعیب چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور والدین کا سہارا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مقتول کے بھائی نے علاقے میں پولیس گشت کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔
