کراچی: سچل پولیس نے سعدی ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک پر معروف نوحہ خواں سید حسنین حیدر نقوی کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت 20 سالہ رحیم اللہ ولد امین اور 20 سالہ شیر افضل ولد عثمان کے ناموں سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں اور چھینا گیا سامان برآمد ہوا۔ دونوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او سچل انسپکٹر امین کھوسو کے مطابق رحیم اللہ 14 جولائی 2023 کو سچل تھانے کی حدود میں نوحہ خواں سید حسنین حیدر نقوی کے قتل میں بھی مطلوب تھا۔ مقتول کو پی سی ایس آئی آر لیبارٹری، محمد خان گوٹھ اسکیم 33 کے قریب اُس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جب وہ اپنی آلٹو کار میں شاگرد کے ہمراہ گلبرگ جا رہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے کار کو گھیر کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حسنین حیدر نقوی کو سینے اور جسم کے دیگر حصوں پر گولیاں لگیں اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
