کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سنگر چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پیٹرول پمپ کے کیشئیر سے 33 لاکھ روپے لوٹ لیے، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات عوامی کالونی تھانے کی حدود سیکٹر 27 میں پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب پیش آئی، جہاں دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین مسلح ملزمان نے کیشئیر کو اسلحے کے زور پر روک کر نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے۔
مدعی محمد عارف کے مطابق وہ نجی پیٹرول پمپ پر بطور اکاؤنٹنٹ ملازمت کرتا ہے۔ 27 جنوری 2026 کو وہ ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر 33 لاکھ روپے جمع کرانے جا رہا تھا کہ پیٹرول پمپ سے نکلتے ہی ملزمان نے اسے روک لیا اور رقم لوٹ لی۔
واقعے کی اطلاع فوری طور پر مددگار 15 پر دی گئی، جس کے بعد عوامی کالونی پولیس موقع پر پہنچی اور فارنزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس نے مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش سی آئی سی کورنگی ڈویژن کے حوالے کر دی ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
