پاکستان نے یومِ استحصال کے موقع پر ایک بار پھر واضح اور دوٹوک الفاظ میں بھارت کے غیرقانونی قبضے اور 5 اگست 2019 کی یکطرفہ آئینی ترامیم کی شدید مذمت کی ہے، جن کے تحت بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا۔
ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف: مسئلہ کشمیر خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور مزاحمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جابرانہ پالیسیاں ان کے جذبہ آزادی کو کچل نہیں سکتیں۔
“آج یومِ استحصال بھارت کی یکطرفہ جارحیت اور مظالم کے خلاف احتجاج کا دن ہے۔ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے،” وزیراعظم نے کہا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے ظالمانہ قوانین کی واپسی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
صدر زرداری: بھارت کی آبادیاتی تبدیلیوں کی کوششیں ناقابل قبول
صدر آصف علی زرداری نے یومِ استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے گزشتہ چھ برسوں میں مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینا، حلقہ بندیاں بدلنا اور زمینوں پر قبضے کے قوانین میں تبدیلی شامل ہیں۔
“جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا،” صدر زرداری نے کہا۔
افواجِ پاکستان کا کشمیری عوام کے ساتھ عہدِ وفا
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر فورس چیفس نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو مکمل حمایت دینے کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی پامالی، اور آبادیاتی انجینئرنگ بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
“جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ناگزیر ہے،” عسکری قیادت نے کہا۔
پاکستانی افواج نے کشمیری شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہیں۔
