بورے والا: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد (یو اے ایف) کے بورے والا کیمپس میں جنسی ہراسگی کا اسکینڈل سامنے آگیا، جہاں ایک پروفیسر کی جانب سے مبینہ طور پر طالبہ کو نازیبا اشارے اور گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ طالبہ نے 31 اکتوبر کو یونیورسٹی انتظامیہ کو تحریری درخواست دی تھی، جس کے بعد کیمپس انتظامیہ نے فوری طور پر پروفیسر یحییٰ خان کو معطل کرتے ہوئے ان کا ادارے میں داخلہ بند کر دیا۔
پرنسپل کے مطابق معاملہ وائس چانسلر کی ہدایات پر حراسانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو کیس کی باضابطہ انکوائری کر رہی ہے، تاہم ابھی تک کوئی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔
وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر پروفیسر کو طالبہ کے ساتھ نازیبا گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں وہ امتحانات میں اضافی نمبروں کے بدلے نامناسب مطالبہ کرتے ہوئے سنائی دیتے ہیں۔
