مظفرگڑھ، پنجاب — ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے سنگین الزامات پر ادارے کے مالک اور پرنسپل سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ (ایف آئی آر) درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کی رپورٹ کے مطابق، متاثرہ طالبہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکول پرنسپل نے تقریباً تین ماہ قبل اسے پہلی بار زیادتی کا نشانہ بنایا۔
طالبہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ سکول مالک بھی مختلف اوقات میں اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی طالبہ کے تین ماہ کی حاملہ ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ طالبہ کے بیان کی روشنی میں تعلیمی ادارے کے مالک، پرنسپل اور دو دیگر نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
