پاکستان میں منکی پاکس کے بڑھتے ہوئے کیسزپر قومی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کردیا۔
قومی ادارہ صحت نے تمام صوبوں کو فوری اور مکمل رپورٹنگ کی ہدایت کرتے ہوئے منکی پاکس کیسز کی تفصیلات بروقت فراہم کرنا لازمی قرار دے دیا۔
وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ایم پاکس کے 57 کیسز اور ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب میں ایم پاکس کے 23، خیبرپختونخوا میں 22 کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔اسلام آباد میں 6، سندھ میں 3، آزاد کشمیر میں 2اور بلوچستان میں ایک کیس رپورٹ ہواجبکہ گلگت بلتستان سے ایم پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
وزارت صحت کی دستاویز کے مطابق مریضوں کا ڈیٹا بین الاقوامی صحت ضوابط کے تحت طلب کیا گیا ہے، کانٹیکٹ ٹریسنگ اور ہسپتال ڈیٹا بھی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق قومی ادارہ صحت نے ایم پاکس وائرس کی جینیاتی سیکوینسنگ لازمی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سیکوینسنگ سے ایم پاکس وائرس کی قسم اور پھیلاؤ واضح ہو گا،صوبائی عدم تعاون کی صورت میں قومی نگرانی اور عالمی ساکھ متاثر ہو گی۔
