لاہور کے علاقے رائیونڈ سے 17 سالہ لڑکی سانیہ کے اغواء کے بعد قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے، پولیس کے مطابق مقتولہ کو قتل کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ اس کا قریبی آشنا نکلا۔
واقعے کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیا، جس کے بعد ایس پی صدر انویسٹی گیشن کی نگرانی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ رائیونڈ جمشید عباس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق معمولی تلخ کلامی کے بعد ملزم نے سانیہ کو ڈنڈوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم اور مقتولہ ایک نجی کمپنی کے لیے سم فروخت کرنے کا کام کرتے تھے، جبکہ مقتولہ ملزم کے گھر ہی مقیم تھی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس کی تحویل میں ہے اور مضبوط چالان مرتب کر کے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے اغواء اور قتل میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔
