لاس اینجلس — برطانوی اداکار ٹام ہڈلسٹن نے اپنی نئی دستاویزی فلم کی تشہیر کے دوران اپنے مشہورِ زمانہ مارول کردار ‘لوکی’ اور اپنی حقیقی شخصیت کے درمیان دلچسپ اور تجزیاتی موازنہ پیش کیا ہے۔ ایک تفریحی انٹرویو کے دوران، 45 سالہ اداکار سے مختلف حالات میں لوکی اور ان کے اپنے درمیان انتخاب کرنے کو کہا گیا—جو کہ مارول سیریز کے اس منظر کا ایک حوالہ ہے جہاں لوکی وقت کا سفر کرتے ہوئے قدیم شہر پومپائی پہنچتا ہے۔ جب ہڈلسٹن سے پوچھا گیا کہ پومپائی کی تباہی سے بچنے کے لیے کون زیادہ بہتر طور پر تیار ہے، تو انہوں نے فوراً لوکی کا انتخاب کرتے ہوئے کہا، "لوکی وہاں سے نکل جائے گا، لیکن میں نہیں بچ پاؤں گا۔” تاہم، جب بہترین سفری ساتھی کی بات آئی، تو انہوں نے یقین کے ساتھ اپنا نام لیا اور اعتراف کیا کہ وہ لوکی کے ساتھ کبھی کسی سفر پر نہیں جانا چاہیں گے۔
اس دلچسپ گفتگو کے دوران جب پوچھا گیا کہ دونوں میں سے کون زیادہ شرارتیں کرنے کا عادی ہے، تو ہڈلسٹن نے ہنستے ہوئے جواب دیا، "لوکی تو اپنے کاموں میں مصروف رہتا ہے، اس لیے شاید میں ہی زیادہ شرارتی ہوں۔۔” آخر میں، جب قدیم رومی لباس ‘ٹوگا’ پہننے کا مقابلہ ہوا، تو انہوں نے اپنے کردار کے بالوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ اس دور کے لحاظ سے لوکی کے بال فیشن کے مطابق نہیں تھے، جبکہ ان کے اپنے بال رومی شہنشاہوں جیسے لباس کے لیے بالکل موزوں ہیں۔ ٹام ہڈلسٹن کو اپنے اس کردار پر بے حد فخر ہے جسے وہ گزشتہ کئی سالوں سے نبھا رہے ہیں، اور وہ روسو برادرز کی ہدایت کاری میں بننے والی اگلی فلم میں ایک بار پھر لوکی کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے۔
