راولپنڈی — پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں کرتے ہوئے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ اور جامع مشترکہ آپریشنز بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد گروہوں ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ کے خلاف جاری قومی مہم کا حصہ ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں کیے گئے آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بلوچستان کے علاقے نوشکی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی سرنگیں بھی برآمد کر کے تباہ کر دی گئیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے فیصلہ کن کارروائی کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ہیں اور پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ کامیابیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب دونوں صوبوں میں سیکیورٹی خدات کے پیشِ نظر عزمِ استحکام کے وژن کے تحت آپریشنز کی رفتار تیز کر دی گئی ہے، اور عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
