کراچی / لاہور — کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک ون میں شاہی قلعہ گراؤنڈ کے قریب سے دو روز قبل اغوا ہونے والے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت میر رضا علی کے نام سے ہوئی ہے جو فیروز آباد تھانے کی حدود سے لاپتہ ہوئے تھے، اور اہل خانہ کی مدد سے ایک روز قبل مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ قاتلوں نے مقتول کو اسی مقام پر لا کر قتل کیا اور شناخت چھپانے کے لیے لاش پر تیزاب بھی ڈالا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری اور محرکات جاننے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب لاہور کے چلڈرن ہسپتال کی پارکنٛگ ایریا میں کھڑی ایک کار سے ڈاکٹر احمد لطیف کی لاش پراسرار حالت میں ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر لطیف ہسپتال کے شعبہ ہیماتولوجی سے وابستہ تھے اور ان کی گاڑی چار دن تک ہسپتال کی پارکنٛگ میں کھڑی رہی مگر کسی کی نظر نہیں پڑی، جبکہ لاش کے قریب سے کچھ دوائیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ چار دن تک ڈیوٹی سے غیر حاضری کے باوجود کوئی نوٹس نہ لینے پر ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
