کراچی: امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین نے کراچی پورٹ کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے امریکی وفد کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران کے پی ٹی حکام اور امریکی وفد کے درمیان بحری شعبے، پورٹ ڈویلپمنٹ، تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین کے پی ٹی نے امریکی وفد کو کراچی پورٹ کو مصنوعی ذہانت سے لیس ففتھ جنریشن پورٹ میں تبدیل کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ وفد کو کراچی پورٹ کو خطے میں ایک اہم ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے وژن پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران کراچی پورٹ کی استعداد کار میں اضافے، ڈریجنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور اسمارٹ پورٹ آپریشنز سے متعلق اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ گرین پورٹ ڈویلپمنٹ اور بنکرنگ سروسز کے منصوبوں پر بھی امریکی وفد سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ٹرمینل آپریٹرز کی جانب سے پورٹ انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کراچی پورٹ کی کارکردگی، استعداد اور جدید سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
امریکی وفد کو 140 ایکڑ پر زیرِ تعمیر میرین بزنس ڈسٹرکٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے کراچی میں کاروباری سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
دورے کے دوران پاکستانی آموں کی امریکا کو برآمدات بڑھانے کے لیے فائٹو سینیٹری ٹریٹمنٹ اور اسٹوریج سہولیات کے قیام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ اس اقدام کا مقصد آموں کی برآمدی صلاحیت کو بہتر بنانے اور امریکی مارکیٹ تک رسائی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
امریکی وفد نے کراچی پورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور SAPTL، KGTL اور KICT میں جاری انفراسٹرکچر کے ترقیاتی کاموں اور پورٹ آپریشنز کا جائزہ لیا۔
امریکی وفد نے کراچی پورٹ کی جدیدکاری، انفراسٹرکچر کی ترقی اور آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
