پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
پاؤلو رانجل پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکریٹری یورپ، سفیر عائشہ علی نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران پرتگالی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ اہم ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جبکہ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اس دورے کا ایک اہم حصہ پاکستان پرتگال بزنس فورم ہوگا، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندے تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے مواقع تلاش کریں گے۔
مذاکرات میں زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوگی۔
یہ دورہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے_
