خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پلس پروگرام میں توسیع کرتے ہوئے چار مزید پیچیدہ اور مہنگے علاج مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب جگر، گردے اور بون میرو کی پیوند کاری کے ساتھ ساتھ آلۂ سماعت کی تنصیب کا علاج بھی صحت کارڈ کے تحت بالکل مفت ہوگا۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عوامی فلاح کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مردان سے او پی ڈی خدمات کا پائلٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
صحت کارڈ پلس کے ذریعے خیبر پختونخوا کے ایک کروڑ چھ لاکھ افراد کو مفت طبی سہولیات دی جا رہی ہیں، جبکہ اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جس پر 128 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 753 اسپتال صحت کارڈ پینل پر موجود ہیں، جہاں خیبر پختونخوا کے عوام کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق صحت کی دیگر سہولیات بھی جلد پروگرام میں شامل کی جائیں گی۔