کراچی: پاکستان محکمہ موسمیات (پی ای ڈی) نے کراچی میں شدید گرمی کی وارننگ جاری کی ہے، جہاں آئندہ تین دنوں تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ بندرگاہی شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو شدید گرمی میں زیادہ راحت نہیں دیں گی۔
پی ایم ڈی کے مطابق، کراچی میں دن کے وقت درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 78 فیصد ہے، اور سمندری ہوائیں 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ شہر میں فضائی دباؤ بھی بلند ہے، جو مزید بے چینی کا سبب بن رہا ہے۔
ادھر بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور یہ صورتحال 12 جون تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اگرچہ کوئٹہ اور گردونواح کا موسم خشک اور صاف ہے، مگر صوبے کے شمالی اضلاع میں بھی خشکی کا راج ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ بلوچستان بھر میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ ہفتہ کے روز سبی میں 49، تربت میں 41 اور نوکونڈی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ بھی شدید گرمی سے محفوظ نہیں۔ پی ایم ڈی نے صوبے کے بالائی اور وسطی حصوں کے لیے بھی وارننگ جاری کی ہے، جہاں درجہ حرارت 12 جون تک معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں گھر سے باہر نہ نکلیں، زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں، اور گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔