نوواویکس (Novavax) نامی بایوٹیک کمپنی نے حال ہی میں دو نئی ویکسینیں تیار کی ہیں — ایک ایسی ویکسین جو کووڈ-19 اور فلو (انفلوئنزا) سے ایک ساتھ تحفظ فراہم کرتی ہے، اور دوسری صرف فلو کے لیے مخصوص ہے۔
یہ ویکسینیں 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد پر ایک لیٹ اسٹیج آزمائشی مرحلے میں آزمائی گئیں۔ نتائج کے مطابق، دونوں ویکسینوں نے مضبوط قوتِ مدافعت پیدا کی جو کہ پہلے سے منظور شدہ ویکسینوں کے برابر تھی۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ ان ویکسینوں میں کسی نئی طبی خطرے یا منفی ردعمل کی نشاندہی نہیں ہوئی۔
تقریباً 2,000 افراد پر مشتمل اس آزمائش میں نوواویکس کی موجودہ کووڈ ویکسین "نیوویکسووڈ” (Nuvaxovid) اور سانوفی (Sanofi) کی فلو ویکسین "فلو زون ایچ ڈی” (Fluzone HD) کے ساتھ نئی ویکسینوں کا تقابل کیا گیا۔ اگرچہ اس آزمائش کا مقصد شماریاتی لحاظ سے قطعی نتائج دینا نہیں تھا، لیکن اس ڈیٹا کی بنیاد پر آئندہ ایسے تجربات کی منصوبہ بندی کی جائے گی جن سے ریگولیٹری منظوری حاصل کی جا سکے۔
نوواویکس اب دیگر کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ان ویکسینوں کی تجارتی تیاری اور مزید ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی نے سانوفی کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر تک کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ "نیوویکسووڈ” ویکسین کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جا سکے۔
حال ہی میں "نیوویکسووڈ” کو امریکہ میں منظوری مل چکی ہے، لیکن یہ صرف بزرگوں اور 12 سال سے زائد عمر کے ہائی رسک افراد کے لیے دستیاب ہے۔ یاد رہے کہ یہ ویکسین فائزر اور موڈرنا کی mRNA ویکسینوں کے برعکس ایک روایتی پروٹین پر مبنی ویکسین ہے۔
رپورٹ میں ایک متنازع فیصلے کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس کے تحت امریکی ہیلتھ سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے سی ڈی سی (CDC) کے تمام ویکسین ماہرین کے پینل کو برطرف کر دیا۔ صحت کے ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس اقدام سے عوام کا موجودہ ویکسینز پر اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔