پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے حالیہ بجلی کے بڑھتے نرخوں اور 200 یونٹ سلیب پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے "بدمعاشی” قرار دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گرمی میں ایک عام آدمی کبھی میٹر کی طرف دیکھتا ہے، کبھی سورج کی طرف اور کبھی اپنے بچوں کی طرف — مگر کہیں سے کوئی آسانی نظر نہیں آتی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق، ملک بھر میں گرمی کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ اور مہنگی بجلی نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ نیپرا کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ نئے ٹیرف کے مطابق:
-
1 سے 100 یونٹس: 10.54 روپے فی یونٹ
-
101 سے 200 یونٹس: 13 روپے فی یونٹ
-
200 سے زائد یونٹس (نان پروٹیکٹڈ): 22.44 روپے سے 47.69 روپے فی یونٹ
نعمان اعجاز نے اپنی پوسٹ میں حکومت سے اپیل کی کہ "اس 200 یونٹس کے جال کو ختم کریں اور عوام پر رحم کریں، کیونکہ لوگ بجلی کے بلوں تلے دب چکے ہیں۔” ان کی اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر عوام کی آواز بن کر کئی صارفین کو متاثر کیا، جو پہلے ہی بھاری بلوں اور ناقابل برداشت لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں۔
نیپرا کے مطابق ان نرخوں کا اطلاق حکومت کی منظوری سے کیا جائے گا، تاہم موجودہ صورتحال میں عام شہری پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
