بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کے اہل خانہ نے ان کے بھائی فیصل خان کی جانب سے لگائے گئے حالیہ الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔ فیصل کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایک سال تک گھر میں نظر بند رکھا گیا۔
حالیہ ایک انٹرویو میں فیصل نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عامر اور دیگر اہل خانہ نے انہیں گھر میں قید کر رکھا، شیزوفرینیا کا مریض قرار دیا اور یہ تاثر دیا کہ وہ معاشرے کے لیے خطرہ ہیں۔ فیصل کے مطابق اس دوران انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، فون ضبط کرلیا گیا، کمرے کے باہر گارڈز تعینات تھے اور انہیں زبردستی دوائیاں دی جاتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے والد سے مدد لینے کے لیے بھی رابطہ نہیں کرسکے۔
ان بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے خان خاندان نے فیصل کے دعووں کو غلط قرار دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اہل خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عامر، والدہ اور بہن پر لگائے گئے الزامات افسوسناک ہیں اور یہ پہلا موقع نہیں جب فیصل نے ماضی کے واقعات کو غلط انداز میں پیش کیا ہو۔
اہل خانہ نے وضاحت کی کہ فیصل کے علاج سے متعلق تمام فیصلے خاندان نے ماہرینِ نفسیات سے مشاورت کے بعد کیے، اور یہ سب ان کی جذباتی و نفسیاتی بہتری کے لیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حساس معاملے کی نزاکت کے پیشِ نظر اسے عوامی سطح پر کبھی نہیں اٹھایا گیا۔
بیان میں میڈیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ اس نجی معاملے کو سنسنی خیز نہ بنایا جائے اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
