وزارت صحت نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ادویات اور ویکسین کی پہلی کھیپ روانہ کر دی ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ بھیجی جانے والی اشیاء میں 2 لاکھ 50 ہزار پنٹاویلنٹ ویکسین کے ڈوز، ایک لاکھ 50 ہزار خسرہ اور روبیلا ویکسین کے ڈوز، 2 لاکھ 91 ہزار 500 سرنجز اور 3 ہزار سیفٹی باکس شامل ہیں۔
مزید برآں 30 ہزار ملیریا کی تیز تشخیص والی کٹس، 60 ہزار پرائمیکوئن گولیاں اور 10 ہزار مچھر دانیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق وزارت صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ امدادی کام مؤثر طریقے سے جاری رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کے تمام ادارے اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں اور حکومت خیبر پختونخوا سمیت سیلاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
