لاہور: چوھنگ کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں تین ملزمان ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
ڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سید حسین حیدر کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، اس دوران ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں تین ملزمان مارے گئے جن میں ایک کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان ڈکیتی اور ہاؤس رابری سمیت 100 سے زائد سنگین وارداتوں میں لاہور اور دیگر اضلاع کو مطلوب تھے۔
فائرنگ میں پولیس اہلکار لقمان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اے ایس آئی راشد غازی بلٹ پروف جیکٹ پر متعدد گولیاں لگنے کے باوجود محفوظ رہے۔
ڈی ایس پی کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد انہیں بھی گرفتار کرلیا جائے گا
