خیبرپختونخوا میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد وزارتِ صحت نے پہلی کھیپ میں ادویات اور ویکسین روانہ کر دی ہیں، جن میں خاص طور پر بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے اقدامات شامل ہیں۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق بھیجی گئی کھیپ میں 2 لاکھ 50 ہزار ڈوز پینٹاویلنٹ ویکسین، ایک لاکھ 50 ہزار ڈوز خسرہ اور روبیلا ویکسین، 2 لاکھ 91 ہزار 500 سرنجز اور 3 ہزار سیفٹی باکس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 30 ہزار ملیریا ریپڈ ڈائیگناسٹک کٹس، 60 ہزار پرائماکوئین گولیاں اور 10 ہزار مچھر دانیاں بھی روانہ کی گئی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا خطرہ کم کیا جا سکے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خاص طور پر بچوں میں خسرہ اور ملیریا جیسی بیماریوں کے پھیلنے کا شدید خدشہ ہے، اسی لئے سب سے پہلی ترجیح ویکسین اور حفاظتی ادویات بھجوانا تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ صحت کے تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر بروقت طبی امداد یقینی بنا رہے ہیں۔ “ہم سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے،” وزیرِ صحت نے یقین دہانی کرائی۔
