اسلام آباد — نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں جاری مون سون کی شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی کے بعد سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق، دریائے چناب میں خانکی، قادر آباد اور چنیوٹ برج کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ وزیر آباد کے مقام پر پالکھو نالہ میں بھی پانی کا بہاؤ درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ دریائے سندھ، راوی اور کابل کے مختلف مقامات پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، تاہم اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب کے مختلف مقامات سمیت تریموں بیراج پر پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی سلسلوں، خیبر پختونخوا کے برساتی نالوں اور شمالی بلوچستان کے علاقوں میں اچانک فلیش فلڈ (پہاڑی ریلوں) کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے شہروں بشمول لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا شدید خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے عوام کو متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں کے کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار پہاڑی راستوں پر رکنے سے منع کیا ہے۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں یا پیدل چلتے ہوئے سیلابی پانی کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ادارے کی موبائل ایپلی کیشن کا استعمال کریں۔
