واشنگٹن: پاکستان کے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی صنعتی ٹیکنالوجی کمپنی ہنی ویل ٹیکنالوجیز (Honeywell Technologies) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی آئل ریفائنریوں کی جدیدکاری اور توسیع سے متعلق ایک اہم منصوبہ پیش کیا گیا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ملاقات میں ہنی ویل نے جدید ریفائننگ ٹیکنالوجی، آلات اور تکنیکی حل متعارف کرائے، جن کے ذریعے پاکستان کی مقامی ریفائننگ صلاحیت میں اضافہ، ایندھن کے معیار میں بہتری اور درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں اس منصوبے کے لیے مالی معاونت کے مختلف ذرائع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں امریکی ایکسِم بینک (US EXIM Bank)، امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC)، ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسیاں اور عالمی مالیاتی ادارے شامل ہیں۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ہنی ویل کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے پاکستان کی توانائی کی سلامتی مضبوط ہوگی، مقامی سطح پر معیاری ایندھن کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم ہوگا اور صنعتی ترقی کے ساتھ پائیدار معاشی نمو کو فروغ ملے گا۔
یہ ملاقات وزیرِ خزانہ کے سرکاری دورۂ امریکہ کے دوران ہوئی، جہاں وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مختلف حکومتی اور مالیاتی اداروں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
